ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 6 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک، 2 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران گجرات سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ نائیک غلام مرتضیٰ اور تلہ گنگ کے 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں، جبکہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کے الزامات بے بنیاد، افغان سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال ہوئی تو پاکستان ہر اقدام کا حق رکھتا ہے، طارق فضل چودھری

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top