ملکی سیاست اور دفاعی ایوانوں میں ایک بار پھر اس وقت شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی جب ایک سینئر سیاستدان کے متنازع اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو پاکستان کے ازلی دشمن بھارتی میڈیا نے ہاتھوں ہاتھ لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن کی جانب سے ملکی معیشت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے دشمن ملک بھارت کی معاشی ترقی کی مثالیں دینے اور اس کی قصیدہ گوئی کرنے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کا ایک نیا اور طوفانی سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
دشمن ملک بھارت کے صف اول کے نیوز چینلز اور اخبارات اس وقت فضل الرحمٰن کے بیانات کو پاکستان کی معاشی کمزوری، اندرونی نفاق اور ریاست کی مبینہ ناکامی کے سب سے بڑے ثبوت کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فضل الرحمٰن کے بیانات اور بھارتی میڈیا کے پاکستان مخالف بیانیے میں اتنی گہری اور خوفناک مماثلت پائی جاتی ہے کہ اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ فضل الرحمان نادانستہ یا دانستہ طور پر بھارتی ریاستی ایجنڈے کا آلہ کار بن چکے ہیں۔
جس ریاست نے انہیں سیاسی شناخت، آئینی عہدے اور تمام دنیاوی مراعات دیںآج اسی ملک کی معاشی اور دفاعی بنیادوں کو کمزور کرنے کے لیے دشمن کی معاشی پیش رفت کی مثالیں دی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کو ایک غیر مستحکم اور مفلوج ریاست ثابت کرنے کی گھناؤنی کوششوں میں مصروف ہے جس کے لیے مولانا کے الفاظ دشمن کے لیے سب سے بڑا سیاسی ہتھیار ثابت ہو رہے ہیں۔
عوامی اور دفاعی حلقوں کی طرف سے اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا ملکی معیشت پر تنقید کرنے کے لیے دشمن ملک کی مثالیں دینا اور ان کے گن گانا ہی رہ گیا تھا؟
یہ بھی پڑھیں : ڈی آئی خان اراضی اسکینڈل: فضل الرحمن اور خاندان کا اصلی چہرہ بے نقاب!
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ ایک جمہوری عمل ہے لیکن اپنے ہی ملک کو نیچا دکھانے کے لیے دشمن کی گود میں بیٹھنا اور بھارتی پروپیگنڈے کو تقویت دینا حب الوطنی کے یکسر منافی ہے۔
وقت آ گیا ہے کہ قومی مفادات کے خلاف دشمن کی معاشی قصیدہ گوئی کرنے والے اور ریاست پر تنقید کے نام پر زہر اگلنے والے عناصر کو بے نقاب کیا جائے تاکہ قوم سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھ سکے۔





