ریاستِ مدینہ کے چیمپئنز نے شواہد غائب کر دیے، مال منڈیوں، پارکوں اور قیمتی جائیدادوں کی فائلیں ہضم، بنوں ٹی ایم اے سے اہم ریکارڈ غائب

سلمان علی خان
بنوں: تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) بنوں کے ٹی او آر آفس سے اہم سرکاری فائلوں اور حساس ریکارڈ کے غائب ہونے کا ہولناک انکشاف ہوا ہے، جس نے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت کی بدانتظامی، کرپشن اور غفلت کے پول کھول دیے ہیں۔

پی ٹی آئی کے گزشتہ اقتدار کے دوران سرکاری املاک کی حفاظت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور اہم دستاویزات کا سرعام غائب ہونا حکومتی مشینری پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

مال منڈیوں، جائیدادوں اور پارکوں کا ریکارڈ غائب

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی دور میں غائب ہونے والی سرکاری فائلوں میں مال منڈیوں، ٹی ایم اے کی قیمتی سرکاری جائیدادوں، پارکوں اور دیگر اہم املاک کا بنیادی ریکارڈ شامل ہے۔

اس کے علاوہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق اہم فائلیں بھی مکمل طور پر غائب بتائی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے پی ٹی آئی دورِ حکومت میں من پسند افراد کو نوازا گیا۔

جعلی طریقہ کار اور لاکھوں کی رشوت کے ثبوت بھی غائب

یہ بھی پڑھیں : ڈرامے بازی کی حد ہو گئی، 9 سال میں ایک اینٹ نہ لگ سکی، پی ٹی آئی کا ملاکنڈ پاور اسکینڈل بے نقاب

ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ مذکورہ فائلوں میں دیگر ٹی ایم ایز سے لاکھوں روپے رشوت کے عوض کے طور پر بھرتی ہونے والے بعض افراد کو جعلی طریقہ کار کے ذریعے ٹی ایم اے بنوں منتقل کرنے سے متعلق دستاویزی ثبوت موجود تھے، جو اب ریکارڈ سے غائب کر دیے گئے ہیں۔

اس سارے معاملے کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی دور میں تعینات ہونے والے منظورِ نظر اور نااہل عملے پر عائد ہوتی ہے۔

عوام کا شدید ردعمل اور تحقیقات کا مطالبہ

عوام اور سماجی کارکنوں نے پی ٹی آئی دور کی اس سنگین غفلت اور ریکارڈ غائب کرنے کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اعلیٰ حکام، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ تحقیقاتی اداروں سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس شرمناک واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، پی ٹی آئی دور کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور غائب شدہ ریکارڈ کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔

Scroll to Top