پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت بینک آف خیبر سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسلام زیب اور مینجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر کو زراعت، نوجوانوں، کاروباری افراد اور ضم اضلاع کے لیے آسان شرائط پر مالی معاونت کی مختلف مجوزہ اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں ابھرتا نوجوان، زرعی سولرائزیشن، خوشحال کسان اور ہوم سولرائزیشن اسکیم پر پیشرفت کے بارے میں حکام نے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے آسان اقساط پر اسکوٹرز کی فراہمی کی اسکیم جلد متعارف کرائی جائے کیونکہ طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے زراعت کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کسانوں کی مالی معاونت اور شدید لوڈشیڈنگ کے پیش نظر ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جعلی نکلی ،پی ٹی اےکی تردید
گورنر خیبرپختونخوا نے بینک انتظامیہ کو موبائل ایپ فوری اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو ڈیجیٹل بینکاری کی سہولیات زیادہ آسان اور تیز رفتار انداز میں میسر آ سکیں۔





