خیبر پختونخوا میں سالہا سال کی بدحالی، تھانہ کلچر کے عذاب اور عوامی بیزاری کے بعد بالآخر صوابی میں شہریوں کو سکھ کا سانس نصیب ہونے لگا ہے۔ گورنر راج کے نفاذ اور صوبائی انتظامیہ کی جانب سے نظم و نسق کو پٹڑی پر لانے کی حکمتِ عملی کے رنگ نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی وقاص رفیق نے چارج سنبھالتے ہی روایتی سست روی اور لاپرواہی کی دھجیاں اڑا دیں اور روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر کے دروازے عام شہریوں کے لیے کھول دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں صوابی کے عوام جن بنیادی حقوق اور انصاف کے لیے تھانوں کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکے تھے وہاں اب ڈی پی او صوابی خود ہر ایک سائل کی فرداً فرداً درد مندی سے فریاد سن رہے ہیں۔
وہ نہ صرف عوام کی شکایات پر موقع پر ہی ایکشن لے رہے ہیں بلکہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا اشارہ بھی دے چکے ہیں۔
غور کی بات یہ ہے کہ گزشتہ حکومت میں خیبر پختونخوا کا پولیس نظام محض کھوکھلے دعوؤں، سیاسی بنیادوں پر مداخلت اور بے سود وعدوں کی نذر رہا جہاں عام شہری کی شنوائی ایک خواب بن چکی تھی۔ لیکن موجودہ انتظامیہ کی واضح ہدایات کے بعد صوابی پولیس کا نقشہ ہی بدل گیا ہے۔
ڈی پی او وقاص رفیق نے تمام متعلقہ پولیس افسران کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ عوامی مسائل کا حل محض کاغذوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہر صورت میرٹ اور شفافیت پر مبنی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ڈی پی او وقاص رفیق نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے۔ کسی بھی اہلکار کی جانب سے ناانصافی، غفلت یا لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جو افسر میرٹ پر پورا نہیں اترے گا اس کے لیے صوابی میں کوئی جگہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں افسران کی ترقیاں ،نوٹیفکیشن جاری
ڈی پی او کے اس اقدام نے جہاں عوام میں اعتماد اور امید کی نئی لہر دوڑا دی ہے وہیں تھانوں میں برسوں سے قائم سفارش اور رشوت کے نظام کو شدید جھٹکا پہنچا ہے۔ شہری اب اسے موجودہ انتظامیہ کی بہترین کارکردگی اور صوبے میں حقیقی تبدیلی کا روشن ثبوت قرار دے رہے ہیں۔





