محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، چترال، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے جو 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور 14 نومبر کی صبح تک ملک کے بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔

اس سلسلے کے تحت بالائی خیبر پختونخوا کے ساتھ ساتھ کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب کے بعض علاقوں اور شمالی بلوچستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور گوجرانوالہ شامل ہیں، وہاں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے، بارش اور بلند پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے جبکہ شمالی اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں بشمول کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم دن کے اوقات میں موسم نسبتاً گرم رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بارپھر بڑی کمی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 نومبر کو خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

اسی روز اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

Scroll to Top