ایشین ٹیم سکواش چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کے دوران فاتح قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
انعامات کی تقسیم کی یہ تقریب وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوئی جہاں قومی ہیروز کی خدمات کو سراہا گیا۔
وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے اپنے ہاتھوں سے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتنے والے چاروں نمایاں کھلاڑیوں نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اشعب عرفان میں فی کس 10، 10 لاکھ روپے کی نقد رقم تقسیم کی گئی تاکہ ان کی محنت اور عزم کی بھرپور پذیرائی کی جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی اسکواش ٹیم نے فائنل کے انتہائی کڑے مقابلے میں کوریا کی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے کر ایشین ٹیم سکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جس نے ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑا دی تھی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو اس شاندار اور تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ایشین اسکواش کا یہ ٹائٹل جیتنا پوری قوم کے لیے انتہائی فخر اور مسرت کا مقام ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن بن گیا
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی بے پناہ محنت، اعلیٰ نظم و ضبط اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوم گراؤنڈ پر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آئندہ بھی قومی ٹیلنٹ کی سرپرستی، بھرپور پذیرائی اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔





