خیبر پختونخوا میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے نیا سروے کرانے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں اسکولوں سے باہر بچوں کی اصل تعداد معلوم کرنے کے لیے نیا سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو نادرا اور ادارہ شماریات کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں دونوں اداروں کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جسے آئندہ چند روز میں مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔گورنر کے مشیر برائے تعلیم عامر عبداللہ کے مطابق سروے کے دوران محکمہ بلدیات، سماجی بہبود اور صحت کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا تاکہ صوبے بھر میں اسکولوں سے باہر بچوں کے درست اور مستند اعداد و شمار جمع کیے جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا اور ادارہ شماریات کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت تقریباً حتمی مراحل میں پہنچ چکی ہے۔ تین اہم اداروں کے اشتراک سے سروے میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ اس کے ذریعے ملک بھر میں اسکولوں سے باہر بچوں کے اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے ایک مربوط نظام بھی تشکیل دیا جا سکے گا۔

عامر عبداللہ کا کہنا تھا کہ درست اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد بچوں کو دوبارہ اسکولوں اور تعلیمی نظام میں لانے، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے معدنی خزانوں پر عالمی سرمایہ کاروں کی نظریں، پنجاب میں 5 ارب روپے تک فنانسنگ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت

سروے کے نتائج کی روشنی میں نئی تعلیمی پالیسی اور آئندہ کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی دور حکومت میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے محکمہ بلدیات، سماجی بہبود اور صحت کے تعاون سے گھر گھر سروے کرانے کی منظوری دی تھی، جس پر تقریباً 5 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

تاہم اب منصوبے کے طریقہ کار اور شراکت دار اداروں میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے نادرا اور ادارہ شماریات کے تعاون سے مفت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت کو توقع ہے کہ نئے سروے کے ذریعے اسکولوں سے باہر بچوں کی حقیقی تعداد اور ان کی تعلیمی ضروریات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی، جس سے صوبے میں تعلیمی پالیسی سازی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے گی۔

Scroll to Top