لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی دو بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی تیسری بہن علیمہ خان تاحال زیر حراست ہیں۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو قانونی تقاضے پورے ہونے اور رہائی کے احکامات موصول ہونے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا۔
دونوں بہنیں کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند تھیں۔واضح رہے کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے قبل 20 ستمبر کو کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند کیا گیا تھا، بعد ازاں ان کی نظر بندی میں توسیع بھی کر دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے نیا سروے کرانے کا فیصلہ
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کو رہا نہیں کیا گیا اور وہ تاحال زیر حراست ہیں۔ ترجمان نے ان کی گرفتاری کو ناحق قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنی بہنوں کی رہائی کے لیے بیرسٹر گوہر کو خصوصی ٹاسک سونپا تھا، جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دونوں کی رہائی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔پی ٹی آئی ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ علیمہ خان کی نظر بندی بھی جلد ختم کر دی جائے گی۔





