وی ایٹ کے پیٹرول کے خرچ سے بھی کم ماہانہ آمدنی ظاہر کرنے پر اسعد محمود کا مذاق بن گیا، خیبرپختونخوا کے شہریوں نے گوشواروں کا پول کھول دیا

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان کے فرزند اور سابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی جانب سے اپنے اثاثہ جات اور ماہانہ خرچ ایک لاکھ 20 ہزار روپے ظاہر کرنے کے دعوے پر خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کے عوام نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں نے اس دعوے کو عوام اور اداروں کے ساتھ کھلا مذاق قرار دیا ہے۔

پشاور کے شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا اسعد محمود کا تعلق اشرافیہ (ایلیٹ کلاس) سے ہے اور ان کا طرزِ زندگی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ کروڑوں روپے مالیت کی لگژری وی ایٹ (V8) لینڈ کروزر گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔ اس گاڑی کی صرف ایک ٹینکی کا فیول (ایندھن) ہی ساٹھ ہزار روپے تک میں فل ہوتا ہے جو بمشکل تین سو کلومیٹر کا سفر طے کرتی ہے۔

شہریوں کے مطابق صرف گاڑی کا ماہانہ فیول کا خرچ ہی دو سے ڈھائی لاکھ روپے بن جاتا ہے، لہذا ایک لاکھ بیس ہزار روپے ماہانہ میں گزارے کا دعویٰ عقل تسلیم نہیں کرتی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر مکمل انکوائری کی جائے اور کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں کا کہنا تھا کہ مولانا اسعد محمود نےحال ہی میں جو اپنے گوشوارے جمع کرائے ہیں اس میں ماہانہ انکم ایک لاکھ بیس ہزار روپے بتائی ہے جو کہ عوام اور اداروں کے ساتھ ایک بھدا مذاق ہے۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں ایک مڈل کلاس فیملی بھی ایک لاکھ بیس ہزار روپے میں مہینہ نہیں چلا سکتی جب تک وہ شخص جو لینڈ کروزر جیسی لگژری گاڑی استعمال کرتا ہو۔

عوام نے مزید کہا کہ مولانا اسعد محمود کے موجودہ لائف اسٹائل اور رہن سہن کو دیکھا جائے تو ماہانہ بیس سے تیس لاکھ روپے آمدنی بھی کم پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں : سسٹم ری سیٹ پر میں اور بلاول ایک پیج پر، نئے صوبوں پر عوامی ریفرنڈم کرایا جائے، محسن نقوی

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ اس طرح کے سیاسی رہنما ہمیشہ سے اپنے اصل اثاثے اور حقیقی آمدنی حکومت اور عوام کے سامنے لانے سے کتراتے اور ڈرتے رہے ہیں۔

Scroll to Top