پی ٹی آئی کے 13 سالہ اقتدار میں صحت کا شعبہ تباہ، باجوڑ سے دیر تک ہسپتال لاوارث، عوام علاج کے لیے ترس گئے

پشاور: خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے مسلسل 13 سالہ اقتدار نے صوبے کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اور طویل دورانیے کے نام نہاد دعوؤں کے باوجود عوام بنیادی طبی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی نایابی، زندگی بچانے والے آلات کی عدم دستیابی اور کرپشن کے انبار نے حکمرانوں کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے، جس پر عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

عوام اور سماجی حلقوں کا دوٹوک مؤقف ہے کہ ماضی کی مجرمانہ غفلت، ناقص منصوبہ بندی اور سیاسی اقربا پروری کی وجہ سے صوبے کا پورا ہیلتھ سیکٹر وینٹی لیٹر پر جا چکا ہے۔

باجوڑ، مہمند اور دیر جیسے اہم اضلاع کے ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی حالت زار اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے جہاں غریب عوام کو علاج معالجے کی معمولی سہولتیں تک میسر نہیں۔

ان ہسپتالوں میں ادویات کا فقدان، کروڑوں روپے مالیت کی سی ٹی اسکین مشینوں کا بند یا غائب ہونا، آئی سی یو یونٹس کا غیر فعال رہنا اور بستروں کی شدید قلت اس نااہل حکومت کے منہ پر زور دار تماچہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بیرونی ایجنٹوں کے لیے زمین تنگ، فیصل کریم کنڈی کا دہشتگرد نیٹ ورکس جڑ سے اکھاڑنے پر فورسز کو خراجِ تحسین

صحت کارڈ پروگرام کی آڑ میں ہونے والی مبینہ مالی بے ضابطگیوں، فنڈز کی خرد برد اور طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کے سنگین الزامات نے حکومتی شفافیت کے تمام دعوؤں کو مٹی میں ملا دیا ہے۔

پبلک کا پرزور مطالبہ ہے کہ ان تمام کرپٹ اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف فوری طور پر کڑے احتساب کا عمل شروع کیا جائے اور ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے۔

صوبے بھر کے شہریوں نے محکمہ صحت میں فوری انقلابی اصلاحات، نرسنگ کالجز کے اجرا اور برسوں سے خالی پڑی آسامیوں پر شفاف بھرتیوں کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

ہسپتالوں میں ڈاکٹروں ماہر سرجنز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی شدید کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے اور تقرریوں میں جاری سیاسی مداخلت کا مکروہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے بند کر کے میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔

عوام اب مزید کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں کے فریب میں نہیں آئیں گے، اور اس مجرمانہ غفلت کے ذمہ داروں سے مکمل جواب طلبی کا تقاضا کرتے ہیں۔

Scroll to Top