جے شاہ دوسری بار آئی سی سی کے چیئرمین منتخب

عالمی کرکٹ میں بھارتی اثر و رسوخ ایک بار پھر برقرار رہا، جہاں جے شاہ بلا مقابلہ دوسری مدت کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ 

38 سالہ جے شاہ آئندہ دو برس تک عالمی کرکٹ کے معاملات کی سربراہی کریں گے۔جے شاہ پہلی مرتبہ اگست 2024 میں آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور اس وقت وہ اس منصب پر فائز ہونے والے کم عمر ترین شخص بنے تھے۔

دوسری مدت کے لیے ان کا بلا مقابلہ انتخاب عالمی کرکٹ میں ان کے اثر و رسوخ اور ادارے میں ان کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔اس سے قبل جے شاہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ آئی سی سی کی بااثر فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کی سربراہی بھی کر چکے ہیں۔

 وہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے صاحبزادے بھی ہیں۔آئی سی سی کے مطابق جے شاہ کے نام کی تجویز ادارے کے ڈائریکٹرز نے بالی میں ہفتے اور اتوار کو ہونے والے اجلاس کے دوران پیش کی۔ چیئرمین کے انتخاب کے لیے ان کے مقابلے میں کوئی دوسرا امیدوار میدان میں نہیں تھا، جس کے نتیجے میں وہ بلا مقابلہ دوسری مدت کے لیے منتخب ہو گئے۔

دوبارہ انتخاب پر جے شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موٹر سائیکل کی معمولی تکرار پر ماموں زاد بھائیوں کی فائرنگ، پشاور میں دو کم عمر بھائی قتل

 انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے آئی سی سی کے اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ اور اولمپکس میں کرکٹ کی واپسیجے شاہ کی نئی دو سالہ مدت ایسے وقت شروع ہو رہی ہے جب عالمی کرکٹ کئی اہم مراحل سے گزرنے والی ہے۔

 اس دوران 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ جنوبی افریقا میں منعقد ہوگا، جبکہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی بھی آئی سی سی کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگی۔جے شاہ کے مطابق کھیل کی تاریخ کے اہم ترین اور دلچسپ ادوار میں سے ایک کا آغاز ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی اس کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے اور کھلاڑیوں و مداحوں کی نئی نسل کو متاثر کرنے کا غیر معمولی موقع فراہم کرے گی۔ آئی سی سی اجلاس میں اہم فیصلےدوسری جانب بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں عالمی کرکٹ کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی آئینی عدالت کی اہم وضاحت، پشاور ہائیکورٹ کو معمول کے مقدمات سننے کی اجازت، گورنر راج اور تھری ایم پی او کیسز پر حکم امتناع برقرار

 اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو 2031 تک 9 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ برقرار رکھنے کی تصدیق کی گئی۔اس کے علاوہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کے مرکزی ایونٹ کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کی میزبانی بنگلا دیش اور امریکا کو سونپی گئی ہے، جن میں مردوں اور خواتین کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

آئی سی سی نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ فارمیٹ میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے سپر سکس مرحلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جے شاہ کی دوسری مدت میں عالمی کرکٹ کے ان اہم ایونٹس اور انتظامی فیصلوں پر عمل درآمد ہوگا، جنہیں کرکٹ کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top