پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے، آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چیئرمین سینیٹ کا عالمی برادری کو واضح پیغام

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھارت کو دوٹوک اور سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کو اس کے جائز آبی حقوق سے محروم کرنے کا کوئی بھی یکطرفہ بھارتی اقدام براہِ راست ’اعلانِ جنگ‘ تصور کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں فن لینڈ کے اعلیٰ سطحی وفد سے اہم ملاقات کے دوران جہاں انہوں نے پاکستان کے بطور ایک ذمہ دار ایٹمی قوت پُرامن کردار کو اجاگر کیا، وہیں قومی مفادات اور آبی تحفظ کے معاملے پر کسی بھی قسم کی لچک نہ دکھانے کا دوٹوک پیغام بھی عالمی برادری تک پہنچا دیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواہاں ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے، تاہم ملکی بقا اور آبی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں فن لینڈ کے وفد سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیا اور کہا کہ پاکستان نے انتہائی تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی کے بجائے امن چاہتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارت کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے حصے کا پانی روکنے یا اسے آبی حقوق سے محروم کرنے کی کوئی بھی یکطرفہ بھارتی کوشش اعلانِ جنگ تصور ہوگی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ امور پر بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان 75 سالہ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جنہیں اب ایک مضبوط اور پائیدار اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے باہمی معاشی تعاون کو عملی جامہ پہنانے کے لیے منظم مذاکراتی عمل، مشترکہ اقتصادی کمیشن کے قیام اور دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کی باضابطہ تجویز بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان!

پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ وفود کے تبادلوں، پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے مؤثر روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنا کر عوامی و ریاستی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top