بھارت نے جنگی طیاروں کے نقصان کا بالآخر اعتراف کر لیا، ڈی جی ائیر فورس آپریشن اے کے بھارتی نے پریس کانفرنس میں رافیل کی تباہ ہونے کے سوال پر جواب گول کر دیا۔۔
حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی فضائیہ نے بالآخر جنگی طیاروں کے نقصان کا اعتراف کر لیا ہے، بھارتی ڈی جی ایئر فورس آپریشنز اے کے بھارتی نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کا سامنا کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ لڑائی میں نقصانات ہوتے ہیں تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ کتنے اور کون سے طیارے تباہ ہوئے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ کیا بھارت پاکستان کے دعوے کے مطابق رافیل طیارے کے گرائے جانے کی تصدیق کرتا ہے؟ اس پر بھارتی ایئر مارشل نے کہا کہ جنگ میں نقصانات تو ہوتے ہیں لیکن اگر ہم رافیل طیارے کے گرنے کی تصدیق کریں تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہو گا۔
بھارتی فضائیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستانی طیارے گرائے ہیں لیکن تاحال کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے، دوسری جانب پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرانے کے واضح شواہد دنیا کے سامنے پیش کیے ہیں جن میں طیاروں کے ملبے کی تصاویر، ویڈیوز اور گرفتار پائلٹ کے اعترافات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی جریدے ٹیلی گراف کی پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کی تعریف، بھارت کی فضائی ناکامی پر سخت سوالات
ذرائع کے مطابق حالیہ جھڑپوں میں پاکستان نے بھارت کے تین رافیل طیاروں سمیت پانچ جنگی طیارے تباہ کیے ہیں تاہم بھارت اس حوالے سے ابہام برقرار رکھے ہوئے ہے اور مسلسل واضح جواب دینے سے گریز کر رہا ہے۔
صحافیوں کی جانب سے بھارتی ڈی ایم او، ایئر فورس اور نیول چیف پر سخت سوالات کی بوچھاڑ کی گئی لیکن کوئی بھی اعلیٰ عہدیدار رافیل یا دیگر طیاروں کی تباہی سے متعلق واضح مؤقف اختیار نہ کر سکا۔





