بھارت نے ہمیں کمزور سمجھا، لیکن ہم نے بڑا سرپرائز دیا،اسد قیصر

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا، بھارت یہ سمجھ رہا تھا کہ پاکستان اندرونی طور پر تقسیم کا شکار ہے، لیکن قوم نے اتحاد اور جذبے سے دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنا دیے۔

صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ بھارت نے خیال کیا کہ وہ پاکستان کی داخلی صورتِ حال سے فائدہ اٹھا کر جارحیت کرے گا اور ہمیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گا، لیکن پاکستانی قوم اور افواج نے دشمن کے ارادے خاک میں ملا دیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو انتخابات میں بھرپور کامیابی دلائی، اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نہ صرف جمہوریت بلکہ ملک کا دفاع بھی کریں۔ اسد قیصر نے پاکستان ایئر فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے ثابت کیا کہ ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور بانی چیئرمین ہی اس کے قائد ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر حقیقی قومی یکجہتی مطلوب ہے تو بانی چیئرمین کو فوری رہا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہمیشہ یہ کہتے رہے ہیں کہ پاکستان بھی میرا ہے اور فوج بھی میری ہے، ہر قومی بحران میں پی ٹی آئی کے کارکن فرنٹ لائن پر موجود رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے جنگی طیاروں کا نقصان مان لیا

اسد قیصر نے مزید کہا کہ چیئرمین، پی ٹی آئی قیادت اور تمام کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت قومی اتحاد کا ہے، اور اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بانی چیئرمین کی غیرقانونی قید ہے۔

Scroll to Top