بھارت نے سویلین کو نشانہ بنایا، پاکستان نے ہدف پر مہارت سے وار کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کے فوجی اہداف کو انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، جبکہ سویلین آبادی کو مکمل طور پر محفوظ رکھا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کو پاکستان کے خلاف بلا اشتعال اور بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے وہ وعدہ پورا کیا جو انہوں نے قوم سے کیا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارتی سرزمین پر 26 اہم ملٹری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جن میں راجوڑی، نوشہرہ میں ملٹری بریگیڈز، سورت گڑھ، سرسہ، آسم پور، اونتی پورہ، اودھم پور اور پٹھان کوٹ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو مقامات پر بھارت کے جدید S-400 دفاعی نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ اڑی نیٹ ورک اسٹیشن اور پونچھ راڈار کو بھی کامیابی سے تباہ کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ان فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو آزاد کشمیر میں معصوم شہریوں پر حملے کر رہی تھیں، تمام حملے مکمل مہارت سے کیے گئے تاکہ سویلین نقصان نہ ہو، جبکہ بھارت نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے ہمیں کمزور سمجھا، لیکن ہم نے بڑا سرپرائز دیا،اسد قیصر

انہوں نے کہا کہ کچھ صلاحیتیں اس آپریشن میں استعمال کی گئیں اور کچھ آئندہ کے لیے محفوظ رکھی گئی ہیں، ترجمان پاک فوج نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے غیور عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہم دشمن کی ہر بزدلانہ کارروائی کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ بھارت صرف سرحد پر نہیں بلکہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں بھی ملوث رہا ہے، جس کے ثبوت عالمی برادری کو پیش کیے جا چکے ہیں۔

Scroll to Top