پی سی بی کا سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی سلیکشن کمیٹی میں اہم رد و بدل کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت کم از کم تین سلیکٹرز کو تبدیل کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ایسی سلیکشن کمیٹی لانے کا خواہاں ہے جو صرف منظوری کی مہر نہ لگائے بلکہ باصلاحیت اور اہل کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لیے ٹھوس دلائل اور مضبوط مؤقف پیش کرے۔ مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب ایک نئی اور بااختیار سلیکشن کمیٹی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق موجودہ کمیٹی میں صرف عاقب جاوید کے بچنے کے امکانات ہیں، جب کہ اسد شفیق، اظہر علی اور علیم ڈار کی کارکردگی غیر مؤثر تصور کی جا رہی ہے۔

بنگلادیش کے خلاف حالیہ سیریز میں اسد شفیق اور اظہر علی ٹیم کے انتخاب میں شریک نہیں تھے، جب کہ اچانک دو سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو اسلام آباد کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ہونے والی سلیکشن میٹنگ میں رائے کے لیے بلایا گیا، تاہم ان کی مستقل شمولیت پر تاحال فیصلہ نہیں ہو سکا۔

ادھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے ناموں پر مستقل نشان لگا دیا گیا ہے اور امکان ہے کہ انہیں صرف ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹس میں موقع دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پی سی بی نے وائٹ بال فارمیٹ کے ٹاپ کھلاڑیوں کو طلب کر لیا

پی سی بی ہیڈکوارٹر کے باخبر ذرائع کے مطابق یہ تبدیلیاں آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہیں، تاکہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک مؤثر اور میرٹ پر مبنی سلیکشن نظام قائم کیا جا سکے۔

Scroll to Top