مدینہ منورہ میں بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے آنے والے عازمینِ حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل

مدینہ منورہ : سعودی حکام نے حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ آنے والے عازمین حج کے استقبال اور میزبانی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

مدینہ ریجن کے گورنر اور حج و زیارت کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ سلمان بن سلطان کی براہِ راست نگرانی میں متعلقہ ادارے ایک جامع عملی منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ ابتدائی قافلے 12 ذو الحجہ کو اتوار کی شام بسوں اور حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے مدینہ پہنچیں گے۔

زائرین کی آمد کے دوران ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے ہجرہ ایکسپریس وے، القصیم اور تبوک سے آنے والے راستوں پر سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

مسجد نبوی امور کی جنرل اتھارٹی نے زائرین کے استقبال کے لیے ایک مربوط اور جامع منصوبہ نافذ کیا ہے جس کے تحت مسجد کے 141 دروازے کھول دیے گئے ہیں، جب کہ 100 مقامات پر رہنمائی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

روضہ شریف میں داخلے کے لیے پیشگی وقت لینے کا نظام قائم کیا گیا ہے، جو مخصوص ایپلی کیشنز کے ذریعے منظم کیا جا رہا ہے، تاکہ ہجوم کو قابو میں رکھا جا سکے اور زائرین کو پر سکون ماحول میں زیارت کا موقع فراہم ہو۔

مسجد کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل اسکرینیں رہنمائی فراہم کر رہی ہیں اور زائرین کے لیے زمزم کا پانی بوتلوں کی شکل میں دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حج کیلئے گھوڑوں پر 6ہزار کلومیٹر کا سفر ، 3ہسپانوی مسلمانوں نے صدیوں پرانی روایت زندہ کردی

ان تمام انتظامات کا مقصد زائرین کو روضہ نبویؐ میں نفل عبادات کی ادائیگی اور حضور اکرم ﷺ و صحابہ کرامؓ کو سلام پیش کرنے کے روحانی موقع سے بہتر انداز میں مستفید کرنا ہے۔

Scroll to Top