پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر پشاور سنٹرل جیل میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈرگ ریہیب سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جہاں نشے کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز احمد کے مطابق ابتدائی طور پر جیل کے ایک مکمل بلاک کو نشے کے عادی قیدیوں کے علاج کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ اس وقت سینٹر میں تقریباً 40 مریض زیر علاج ہیں، جنہیں کم از کم تین ماہ کے دورانیے پر مشتمل بحالی کے پروگرام میں رکھا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ریہیب سینٹر میں صاف ستھرا ماحول، کھیلوں کی سرگرمیاں، ورزش، اسلامی تعلیمات اور اوپن ایئر جم کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ مریضوں کی جسمانی اور ذہنی بحالی میں مدد مل سکے۔
فراز احمد نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں ڈرگ فری پشاور کے نام سے مختلف مہمات چلائی گئی ہیں، جن کے تحت اب تک 3,800 سے زائد نشے کے عادی افراد کا کامیاب علاج کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں کانگو وائرس کے وار، ایچ ایم سی پشاورمیں 3 مریض جان کی بازی ہار گئے
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے حالیہ مہم کے دوران بحالی کے بعد صحتیاب ہونے والے مریض کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد، فنی تربیت اور روزگار فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اب منشیات کے عادی افراد کا مفت علاج صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت بھی ممکن ہے۔





