چین نے ایران پر امریکی حملوں اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی(آئی اے ای اے ) کی نگرانی میں موجود ایٹمی تنصیبات پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے یہ اقدامات نہ صرف مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں بلکہ خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔
چین نے فریقین، بالخصوص اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کریں، عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور بات چیت و مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی مزاحمت کو بھرپور طاقت سے کچلا جائے گا، امریکی وزیر دفاع
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر انصاف کی بحالی، امن و استحکام کے قیام اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔





