وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کھل کر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
رانا تنویر حسین نے پی ٹی آئی کو ملک، آئین اور جمہوریت کے خلاف سازشوں میں ملوث قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہر کام ملک، آئین اور جمہوریت کے خلاف کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ملک کیخلاف ہر سازش میں پیش پیش رہی ہے اور ان کا جیل جانا ہی بہتر ہوگا، انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو سزا یافتہ پی ٹی آئی رہنما آج نہیں تو کل قید کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی پر بھی کرپشن کے سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے گھڑی چوری کے بعد لوٹا چوری جیسی گھٹیا کرپشن کی ہے، رانا تنویر حسین نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے چندے اور خیرات کے پیسے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کیے۔
انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کا بھی آڈٹ کیا جائے گا اور حکومت پی ٹی آئی کو ارشد شریف جیسی کوئی سازش کرنے نہیں دے گی۔
وفاقی وزیر نے بھارتی سیاست اور فوجی قیادت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بھارتی سیاستدان اور فوجی سربراہان دنیا میں اپنا تماشا بن گئے، دنیا کا سب سے بڑا لطیفہ بھارتی ایئر چیف کی طرف سے تین ماہ بعد پاکستانی جہاز گرانے کا دعویٰ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں میدان سے بھاگ گئی، عظمیٰ بخاری کا طنز
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بھارت کو اپنی شکست تسلیم کرنے اور قوم سے معافی مانگنے کا مشورہ دیا اور مودی حکومت کو دہشتگرد قرار دیا۔





