اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جو 29 اگست سے لے کر 2 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق، بارشوں کا زیادہ تر زور ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر ہوگا، جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس ممکنہ سلسلے کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں، خصوصاً اسلام آباد کے نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی، جب کہ گلگت بلتستان میں یہ سلسلہ 30 اگست سے 2 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں 29 اگست سے یکم ستمبر کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا اور خوشاب جیسے علاقوں میں بھی 29 اگست سے 2 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر سندھ میں 30 اور 31 اگست کو مٹھی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور عمرکوٹ کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے کچھ حصے بھی اس بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں، جن میں بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلات اور خضدار شامل ہیں، جہاں 30 اگست سے یکم ستمبر کے دوران بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ، طغیانی اور شہری سیلاب جیسے خطرات سے نمٹا جا سکے۔





