کیا آپ اکثر تھکاؤٹ، جسمانی درد یا چڑچڑاپن محسوس کرتے ہیں؟ یہ شاید ذہنی تناؤ نہیں بلکہ وٹامن ڈی کی کمی کی خاموش نشانی ہو سکتی ہے جو آپ کی صحت کو بگاڑ رہی ہے۔
وٹامن ڈی کی شدید کمی سے ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں، قوت مدافعت متاثر ہوتی ہے، جسم میں توانائی کم رہتی ہے، اور بار بار بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ نزلہ زکام، موڈ میں تبدیلی، بے چینی اور ڈپریشن بھی اس کی علامات میں شامل ہیں۔
اگر آپ کے زخم دیر سے بھر رہے ہیں، بال زیادہ گر رہے ہیں، وزن بڑھ رہا ہے یا پیٹ پر چربی جمع ہو رہی ہے، نیند میں خلل ہے، یادداشت متاثر ہو رہی ہے اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے، تو یہ بھی وٹامن ڈی کی کمی کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔
یہ علامات نظر انداز نہ کریں بلکہ جلد از جلد اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ وٹامن ڈی کو “سن شائن وٹامن” بھی کہا جاتا ہے، اور تحقیق کے مطابق دنیا کی نصف سے زیادہ آبادی اس کی کمی کا شکار ہے۔ اپنی صحت جاننے کے لیے وٹامن ڈی کا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔
وٹامن ڈی کی کمی کو کیسے پورا کریں؟
وٹامن ڈی کی کمی کا پتا چلنے پر روزانہ کم از کم 15 سے 20 منٹ دھوپ میں گزاریں۔ خوراک میں انڈے، مچھلی، دودھ اور ہری سبزیاں شامل کریں۔ ڈاکٹر کے مشورے سے سپلیمنٹس لیں اور باقاعدگی سے ورزش کریں۔ صبح کی سیر کو روزمرہ کا حصہ بنائیں اور پروٹین، آئرن اور بایوٹن والی غذائیں زیادہ استعمال کریں۔
ساتھ ہی، اپنی زندگی کے انداز میں تبدیلی لائیں، جیسے رات کے وقت اسکرین کا استعمال کم کرنا۔ یہ چند چھوٹے اقدامات آپ کی وٹامن ڈی کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد کریں گے، جس سے نہ صرف آپ کا موڈ بہتر ہوگا بلکہ توانائی بھی بحال ہوگی اور مجموعی صحت بھی بہتر ہوگی۔





