ڈی جی آئی ایس پی آر کا کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ، طلباء و اساتذہ سے خصوصی نشست

 ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ کیا جہاں ان کی طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا.

طلبہ اور اساتذہ نے معرکہ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وطن کے دفاع میں پاک فوج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا کے سوالات کے مدلل اور مفصل جوابات دیے جن پر طلبہ اور اساتذہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

کالج کے پرنسپل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو اور ان کے عزم نے ہمارے حوصلوں کو نئی تقویت دی ہے۔

شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بطور ذمہ دار شہری، سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کی تحقیق انتہائی ضروری ہے تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے بچا جا سکے۔

شرکا نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اُسے ایک بار پھر ہزیمت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بطور کشمیری ہم پُرعزم ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان اور کشمیر ایک ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی۔

شرکا نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کا حصہ تھا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے شرکا کو دفاع وطن کے لیے پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔

نشست کے دوران کیڈٹ کالج پلندری کے پہلے شہید، میجر رب نواز طارق شہید (نشانِ حیدر امیدوار) کی عظیم قربانی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کے صدر بننے کی باتیں بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

شرکا نے آخر میں کہا کہ وہ ہر لمحہ ہر میدان میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Scroll to Top