لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئی ہے جبکہ ملکی معیشت میں استحکام حکومت کی بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ آپ سب عظیم پاکستانی ہیں اور ہمارے سفیر ہیں، جو ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، اور حالیہ دنوں میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا گیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ترجمانی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے بھی ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے دشمن کے خلاف حالیہ جنگ میں واضح برتری حاصل کی اور یہ وقت ملک کو آگے بڑھانے کا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تمام سرگرمیوں کا احاطہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ سے متعلق ایک اہم ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ہوئی، جس میں پاکستان کی نمائندگی مؤثر انداز میں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : میرانشاہ سے دتہ خیل تک کرفیو نافذ، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کشمیر، فلسطین اور غزہ کے حوالے سے پاکستان نے اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر مؤثر آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت میں تباہی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ہر شعبے پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے۔
یہ ایک آزمائش ہے، لیکن ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں، نائب وزیراعظم نے کہا۔





