وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں دو گھنٹے پر محیط ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور صوبائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق علی امین گنڈاپور صبح 9 بجے اڈیالہ جیل پہنچے جہاں انہیں بانی پی ٹی آئی سے جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کروائی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے عمران خان کو خیبر پختونخوا کی گورننس، انتظامی مسائل اور صوبے کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس کے جواب میں عمران خان نے پارٹی کی پالیسیوں، عوامی ریلیف کے اقدامات اور تنظیمی امور پر رہنمائی فراہم کی۔
دوسری جانب، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کے وکیل کے پیش ہونے پر ان کے خلاف آڈیو لیک کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے ہیں۔ علی امین گنڈاپور پر پہلے یہ وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔
یہ ملاقات پارٹی کے اندر موجودہ سیاسی چیلنجز اور صوبائی مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے کے حوالے سے اہم سمجھی جا رہی ہے۔





