پاکستان کی ترکیہ کو بڑی پیشکش

پاکستان کی ترکیہ کو بڑی پیشکش

پاکستان نے ترکی کو کراچی میں ایک ہزار ایکڑ زمین پر ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کرنے کی پیشکش کی ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ یہ پیشرفت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اقدام دوطرفہ تجارت میں پانچ ارب ڈالر کے ہدف کے حصول کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ایس آئی ایف سی نے ترکی کے لیے کراچی میں خصوصی صنعتی زون کے قیام کا منصوبہ شروع کر دیا ہے تاکہ سرمایہ کاری کو بڑھایا جا سکے۔

یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کی اپریل 2025 میں دی گئی تجویز پر عمل درآمد کا نتیجہ ہے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے تجارتی روابط کو مزید مستحکم کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قیام سے ترک کمپنیوں کو مؤثر سہولیات میسر آئیں گی، تجارتی اخراجات میں کمی آئے گی اور کراچی سے وسطی ایشیا اور خلیجی ممالک تک تجارت میں آسانی پیدا ہوگی۔

ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے نہ صرف ترک سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ عالمی برادری کا پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری کے ماحول پر اعتماد بھی بحال ہوگا، جس سے ملکی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔

Scroll to Top