ایک دن میں سونے کی قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ

عالمی سطح پر قیمتی دھاتوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی پڑنے لگے ہیں جہاں سونا مسلسل مہنگا ہو رہا ہے۔

آج ایک بار پھر سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ ملکی تاریخ کی ایک اور بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط خالص سونے کا فی تولہ دام آج 14 ہزار 100 روپے اضافے کے ساتھ4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 12 ہزار 89 روپے مہنگا ہو کر3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

بین الاقوامی منڈی میں بھی سونے کی قدر میں تیزی دیکھی گئی جہاں فی اونس سونا 141 ڈالر بڑھ کر 4 ہزار 358 ڈالرتک جا پہنچا ہے۔

چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، اور فی تولہ چاندی 167 روپے اضافے کے ساتھ 5 ہزار 504 روپے پر آ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے 10 ہزار سے زائد واقعات پیش آئے ،خواجہ آصف

واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق،24 قیراط فی تولہ سونا 1900 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 42 ہزار 800 روپے پر جا پہنچا تھا۔اسی طرح 10 گرام سونا 1629 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 79 ہزار 629 روپے کا ہو گیا تھا۔

دوسری جانب گذشتہ روز چاندی کی قیمت مستحکم رہی تھی، فی تولہ چاندی کی قیمت 5337 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 4575 روپے تھی۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی غیر یقینی معاشی صورتحال اور مقامی کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا نتیجہ ہے، جس نے سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونا خریدنے کی طرف راغب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کا معاہدہ ہوگیا،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکی شرکت

Scroll to Top