پاکستان میں بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت ، ملائیشیا کے قاری نے پہلی پوزیشن حاصل کی

پاکستان میں پہلا بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت منعقد ہوا جس میں دنیا کے 37 ممالک سے قاری حضرات نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں ہونے والی اس تقریب کی افتتاحی قرات قاری سید صداقت علی نے کی،جس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب کا آغاز ہوا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے دنیا بھر سے آئے قاری حضرات کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ یہ موقع امت مسلمہ کے روحانی اتحاد کی علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی نئی عمرہ پالیسی نافذ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے  خطاب میں کہا کہ یہ مقابلہ پاکستان کی وہ کوشش ہے جو امت مسلمہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ قرآن کریم کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ قرأت کے اس روح پرور اجتماع میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے۔ قرآن کریم امت مسلمہ کا قیمتی روحانی ورثہ ہے جو ہمیں امن، یکجہتی، رحمت اور عدل کا درس دیتا ہے، اور ملک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اس سے سبق لینا ضروری ہے۔

مقابلہ حسن قرأت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو 50 لاکھ روپے جبکہ دوسری پوزیشن والے کو 30 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والے قاری کو 20 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔

ملائیشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے پہلا انعام حاصل کیا، ایران کے قاری عدنان نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور پاکستانی قاری عبد الرشید تیسرے نمبر پر رہے۔

افغانستان کے قاری نے چوتھی، انڈونیشیا کے قاری نے پانچویں اور مراکش کے قاری نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

تقریب کے آخر میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر سردار یوسف نے کامیاب قاری حضرات میں انعامات تقسیم کیے۔

Scroll to Top