ایکشن کونسل خیبرپختونخوانےصوبہ بھر احتجاج کی کال دیدی

محمد اعجاز آفریدی

صوبائی صدر ایکشن کونسل خیبرپختونخوا اور میئر مردان حمایت اللہ مایار نے پشاور میں ایکشن کونسل کے اراکین کے اجلاس کے بعد صوبے بھر میں اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے پُرامن احتجاج کی کال دے دی ہے۔

پہلے مرحلے میں 19 دسمبر 2025 کو خیبرپختونخوا کے تمام تحصیل چیئرمین اپنی اپنی تحصیل کونسلوں میں احتجاجی اجلاس منعقد کریں گے اور متعلقہ حکام کو مراسلے پیش کریں گے۔

اس موقع پر تحصیل ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین اسسٹنٹ کمشنر آفس کے سامنے، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں ڈی سی آفس کے سامنے اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مئیرز کمشنر آفس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔

احتجاج کے دوسرے مرحلے میں 23 دسمبر کو اسلام آباد کے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا، جس میں شرکاء پلے کارڈز اور بینرز اٹھائیں گے اور حکومتی و اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے بعد نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

احتجاجی تحریک کے آخری مرحلے میں 5 جنوری 2026 کو پشاور میں صوبائی اسمبلی کے سامنے بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔

حمایت اللہ مایار نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا خود متعدد بار اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کا قیمتی وقت ضائع ہوا ہے اور اسی بنیاد پر بلدیاتی نظام میں 3 سے 4 سال کی توسیع لوکل گورنمنٹ کا جائز حق ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہوگا، تاہم اپنے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Scroll to Top