بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما پرتھوی راج چوہان نے آپریشن سندور سے متعلق ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن کے پہلے ہی دن بھارت کو شدید ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کے مطابق 7 مئی کو ہونے والی مختصر فضائی جھڑپ میں بھارتی افواج کو مکمل طور پر شکست ہوئی، چاہے لوگ اس حقیقت کو تسلیم کریں یا نہ کریں۔
پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ 7 مئی کو ہونے والی تقریباً آدھے گھنٹے کی فضائی جھڑپ میں بھارتی طیارے مار گرائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : آسٹریلوی وزیرِ اعظم سڈنی بیچ حملے کے ہیرو احمد ال احمد کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچ گئے
ان کے بقول اس جھڑپ کے بعد بھارتی فضائیہ کی صورتحال اس قدر خراب ہو گئی کہ فضائیہ کو مکمل طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا اور ایک بھی طیارہ پرواز نہ کر سکا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس دن بھارتی فضائیہ کا کوئی بھی طیارہ فضاء میں نہیں گیا۔
سینئر کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ اگر گوالیار، بھٹنڈہ یا سرسا کے فضائی اڈوں سے کسی بھی طیارے نے اڑان بھری ہوتی تو اس کے مار گرائے جانے کا قوی امکان موجود تھا۔
ان کے مطابق یہی وجہ تھی کہ بھارتی فضائیہ کو مکمل طور پر زمینی سطح پر روک دیا گیا اور کسی بھی طیارے کو پرواز کی اجازت نہیں دی گئی۔
پرتھوی راج چوہان نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں بھارتی فضائیہ کو عملی طور پر مفلوج کر دیا گیا تھا اور فیصلہ سازوں کو خدشہ تھا کہ مزید نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حقائق ہیں اور انہیں تسلیم کرنا ضروری ہےچاہے عوامی سطح پر اس حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہو۔





