بنوں امن جرگہ: امن خراب کرنے والوں کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کا اعلان

بنوں: ضلع بنوں کے علاقے ابا خیل لنڈیڈاک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے علاقائی جرگہ منعقد ہوا، جس میں مقامی عمائدین اور بزرگوں نے دہشت گردوں کے خلاف واضح اور متفقہ موقف اپنایا۔

جرگے میں شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی دھرتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور علاقے میں پائیدار امن قائم رکھنے کے لیے ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

جرگے میں ملک خوبنواز، ملک عبدالقیوم، ملک گلفراز اور دیگر نے اس بات پر زور دیا کہ اگر مقامی آبادی کو دفاع کے لیے مناسب وسائل اور ہتھیار فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی سرزمین کے دفاع میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف مقامی لوگوں کی مدد کے لیے انہیں جدید ہتھیار اور وسائل فراہم کیے جائیں، کیونکہ قوم کے پاس بڑے اور جدید ہتھیاروں کی شدید کمی ہے جبکہ عسکریت پسند ہر قسم کے جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں۔

جرگے کے اعلان میں کہا گیا کہ علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی اور امن خراب کرنے والوں کو کبھی بھی اپنے علاقے میں قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس آج طلب، سات نکاتی ایجنڈا جاری

دوسری جانب جرگے کے انعقاد کے دوران میریان تھانے کے قریب ایک بار پھر کوآڈ کاپٹر کے ذریعے بم گرایا گیا، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد فوری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور علاقے میں سکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

جرگے کے بعد شرکاء نے یقین دلایا کہ وہ اپنے علاقے کے عوام کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top