رات گئے اسسٹنٹ کمشنر خیبر کا ڈی ایچ کیو لنڈی کوتل پر چھاپہ، کئی ڈاکٹرز غیر حاضر

ہارون شینواری

لنڈی کوتل: اسسٹنٹ کمشنر شہاب الدین نے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ہسپتال لنڈی کوتل کا اچانک دورہ کیا اور رات کی ڈیوٹی، طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران متعدد ڈاکٹرز اور متعلقہ عملہ غیر حاضر پائے گئے، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو تفصیلی رپورٹ ارسال کی۔

لنڈی کوتل ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شہاب الدین نے تحصیلدار لنڈی کوتل کے ہمراہ تقریباً رات 10 بجے سے 11 بجے تک ہسپتال کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران ایمرجنسی اور کیجوالٹی سیکشن میں دو سی ایم اوز اور ایک میڈیکل آفیسر موجود تھے، تاہم ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ایک ڈاکٹر غیر حاضر پایا گیا۔

ای سی جی ٹیکنیشن اور ضروری ادویات دستیاب تھیں، لیکن کیجوالٹی او ٹی کا ایمرجنسی ٹیکنیشن بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر تھا۔

میڈیکل وارڈ میں کسی بھی ڈاکٹر کی موجودگی نہ تھی اور صرف کلاس فور عملہ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں امن جرگہ: امن خراب کرنے والوں کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کا اعلان

لیبر روم میں کوئی خاتون ڈاکٹر موجود نہیں تھی اور ایک خاتون عملے کی رکن خود کو ڈاکٹر ظاہر کر رہی تھی جو بعد ازاں لیڈی ہیلتھ وزیٹر ثابت ہوئیں۔

خواتین نرس حمیدہ اور دائی مجیدہ ڈیوٹی پر موجود تھیں۔ لیبارٹری میں ایک ٹیکنیشن اور ایک کلاس فور ملازم ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top