ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہےجبکہ 17 اہم اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.24 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح کم ہو کر 3.75 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 17 اشیاء کی قیمتیں بڑھیں، جبکہ 14 اشیاء سستی ہوئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق چکن فی کلو 40 روپے 34 پیسے مہنگا ہوا، انڈے فی درجن 10 روپے 31 پیسے بڑھ گئے، اور جلانے کی لکڑی فی من 12 روپے 35 پیسے مہنگی ہوئی۔
اسی دوران دال مونگ فی کلو 1 روپے 17 پیسے مہنگی ہوئی، اور دہی، تازہ دودھ، مٹن اور خشک دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹماٹر فی کلو 9 روپے 1 پیسہ سستا ہوا، آلو 5 روپے 8 پیسے کم ہوئے، اور چینی کی قیمت میں 7 روپے 9 پیسے کمی دیکھی گئی۔
اس کے علاوہ ڈیزل، دال مسور اور ایل پی جی سلنڈر بھی سستے ہونے والے آئٹمز میں شامل ہیں، جبکہ بریڈ، گندم کا آٹا اور کپڑوں سمیت 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔





