ویلڈن ٹیم پاکستان! شاباش سمیر منہاس، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے  انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا ویلڈن ٹیم پاکستان! شاباش سمیر منہاس۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارت کو شکست دینے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر کرکٹ کی دنیا میں ایک اور کامیابی اپنے نام کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو شکست دے کر نہ صرف اپنے ملک کا نام روشن کیا بلکہ پوری قوم کو خوشی کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا یہ فتح نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ ان کی بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک کی کامیابی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے خاص طور پر اوپنر سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس کی تعریف کی جنہوں نے بھارت کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں رکھا۔

محسن نقوی نے کہا سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس قابل تعریف رہی ان کی اننگز نے پاکستان کو فائنل میں کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی کا نتیجہ جیت کی صورت میں سامنے آیا

 یہ فتح شائقین کرکٹ کے لیے خوشی اور فخر کا زبردست لمحہ ہے اور ہم سب کو اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے۔

انہوں نے پی سی بی کی رائزنگ سٹارز پروگرام کی کامیابی پر بھی خوشی کا اظہار کیا جس کا نتیجہ اس شاندار فتح کی صورت میں سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر تاریخ رقم کی، وزیراعظم شہبازشریف

پی سی بی کی رائزنگ سٹارز پر سرمایہ کاری کا نتیجہ آج ہم سب کے سامنے ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ٹیم کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک عظیم لمحہ ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کی اس تاریخی جیت نے نہ صرف کرکٹ کی دنیا میں ایک نیا سنگ میل قائم کیا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کو بھی عالمی سطح پر تسلیم کرایا۔

Scroll to Top