ایران کی طویل جنگ کی تیاری، دشمن کو پچھتانا ہوگا، علی لاریجانی

تہران: ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران نے کسی بھی طویل جنگ کے لیے مکمل تیاری کر رکھی ہے اور وہ اپنی ہزاروں سال قدیم تہذیب کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گا۔

اپنے بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ ایران کی چھ ہزار سالہ تہذیب اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے قوم متحد ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قیمت کچھ بھی ہو، دشمن کو اپنے اندازوں کی غلطی پر پچھتانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح گزشتہ تین سو برسوں میں ایران نے کبھی جنگ میں پہل نہیں کی، اس بار بھی پہل ایران کی جانب سے نہیں کی گئی۔

علی لاریجانی نے مزید کہا کہ ایران پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ملک اپنے دفاع کے حق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ایران کی عبوری لیڈر شپ کونسل کے رکن آیت اللّٰہ علی رضا عرافی نے بھی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کو غلط فہمی اور غلط اندازوں پر مبنی اقدام قرار دیا۔

عبوری لیڈر شپ کونسل کے رکن کی حیثیت سے اپنے پہلے بیان میں آیت اللّٰہ علی رضا عرافی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف غیر منصفانہ اور نامناسب کارروائی کی ہے، جس کے نتائج خطے کے امن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عازمینِ حج کے لیے خوشخبری، حج پروازوں کا مکمل شیڈول جاری

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قیادت کونسل پوری مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے گی اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

ایرانی قیادت کے حالیہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

Scroll to Top