فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان کو کریڈٹ دینا چاہتا ہوں، دونوں بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، جے ڈی وینس

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے پاکستان کی قیادت کے کردار کو سراہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور شہباز شریف کو خصوصی کریڈٹ دینا چاہتے ہیں، جنہوں نے شاندار میزبانی کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم دونوں رہنما بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور انہوں نے مذاکرات میں مصالحت کار کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طویل عرصے سے براہِ راست مذاکرات نہیں ہوئے تھے تاہم اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ بات چیت تعمیری ماحول میں ہوئی اور کئی اہم امور پر پیش رفت سامنے آئی۔

جے ڈی وینس کے مطابق یہ ملاقات اپنی نوعیت کے اعتبار سے غیر معمولی تھی کیونکہ اس سطح کے روابط ماضی میں کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج، پنجاب رینجرز ، اسلام آباد پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کی کارکردگی پر محسن نقوی کا بڑا اعتراف

امریکی نائب صدر نے واضح کیا کہ امریکا کے لیے سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے اور واشنگٹن کی پالیسی اسی بنیادی اصول کے گرد مرکوز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے اگلے مرحلے کا انحصار اب تہران کے فیصلوں پر ہے اور یہ ایران پر منحصر ہے کہ وہ اعتماد سازی کے لیے کس حد تک پیش رفت کرتا ہے۔

جے ڈی وینس نے آبنائے ہرمز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت حساس گزرگاہ ہے اور امریکا کو توقع ہے کہ ایران اسے کھلا رکھنے اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top