افغان طالبان کی باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری ،2بچوں سمیت 3 افرادشہید، 3شدید زخمی

باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ میں افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے تین افراد شہید ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے گاؤں ملک شاہین کو نشانہ بنایاجس سے خاتون اور دو بچے شہید جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئےجنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان گزشتہ چند روز سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو پاکستان میں داخل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جسے پاک فوج نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔ اس ناکامی سے مایوس ہو کر افغان طالبان نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان میں موجود گن پوزیشن کو مکمل تباہ کر دیا اور باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایاجس سے انہیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

علاقے کے مکینوں نے اس جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ فورسز عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکس ہیں۔

Scroll to Top