پاکستان میں توانائی کے شدید بحران کے دوران ایک بڑی خوش خبری سامنے آئی ہے۔ ضلع کوہاٹ میں نشپا بلاک کے براگزئی ایکس ون کنویں سے تیل اور گیس کے وسیع ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق اس وقت اس کنویں سے یومیہ 15 ہزار 5 بیرل تیل اور 45.36 ملین مکعب اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے جسے پاکستان کی حالیہ تاریخ کی بڑی دریافتوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دریافت ملکی توانائی سیکیورٹی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ان دریافتوں سے پاکستان کو سالانہ تقریباً 329 ملین ڈالر کا زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی، جس سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور ملکی ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
حکام نے ہدف مقرر کیا ہے کہ 2028 تک اس کنویں سے تیل کی پیداوار کو 25 ہزار بیرل، گیس کو 60 ایم ایم ایس سی ایف اور ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کو 200 میٹرک ٹن تک لے جایا جائے گا۔





