پاک-نائیجیریا ایئر فورسز کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں اضافہ، دفاعی تعاون پر اتفاق

ابوجا: نائیجیریا ایئر فورس (NAF) نے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی اسٹریٹجک شراکت داریوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان ایئر فورس (PAF) کے ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر مارشل زعیم افضل نے 22 اپریل 2026 کو نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں واقع ہیڈکوارٹرز نائیجیریا ایئر فورس میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر مارشل سڈنی کیلون اینیکے سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فضائی افواج نے تربیت، آپریشنل تیاری اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ نائیجیریا ایئر فورس کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے ساتھ دیرینہ شراکت داری تربیت، استعداد کار اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری کا باعث بنی ہے، جس سے فضائی طاقت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ دوست ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے تاکہ آپریشنل ہم آہنگی اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے۔

پاکستان ایئر فورس کے ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل زعیم افضل نے نائیجیریا ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ: اسکوٹی حادثے میں کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر انتقال کر گئیں

انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف تربیت اور تکنیکی تعاون میں فائدہ مند ہے بلکہ اس سے خطے میں فضائی دفاعی صلاحیتوں کو بھی تقویت ملتی ہے۔

ملاقات میں پاکستان کے دفاعی اتاشی کرنل کامران مشتاق سمیت نائیجیریا ایئر فورس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرتے ہوئے علاقائی استحکام اور عالمی سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top