سٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس ڈرامہ، حکومت کی 13سالہ کارکردگی صفر ، آفتاب شیرپائو نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

سٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس ڈرامہ، حکومت کی 13سالہ کارکردگی صفر ، آفتاب شیرپائو نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب شیرپائو نے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں ہونے والے اسمبلی اجلاس کو “ڈرامہ” قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھا دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی 13 سالہ حکومت کے دوران صوبے کے عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں کیے گئے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ توجہ حقیقی مسائل پر دی جائے۔

آفتاب شیرپاو نے کہا کہ اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس کا انعقاد عوامی مسائل کے حل کے بجائے محض ایک نمائشی عمل تھا، جبکہ صوبے میں کرپشن اور بدانتظامی کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔

انہوں نے خارجہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ایک مثبت پیش رفت ہیں، تاہم افغانستان کے ساتھ بھی سنجیدہ مذاکرات ضروری ہیں کیونکہ پاکستان کی 2600 کلومیٹر طویل سرحد افغانستان سے ملتی ہے۔

ان کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنا انتہائی ضروری ہے، جبکہ حالیہ کارروائیوں کے بعد واقعات میں کمی ضرور آئی ہے، تاہم مستقل حل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی نعروں اور غیر ضروری سرگرمیوں میں مصروف ہے، جس کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں۔

آفتاب شیرپاو کے مطابق صوبے میں 13 سال گزرنے کے باوجود کارکردگی مایوس کن رہی ہے، اور اب بھی توجہ عوامی فلاح کے بجائے سیاسی ترجیحات پر مرکوز ہے۔

Scroll to Top