مدینہ منورہ / مکہ مکرمہ: پاکستان سمیت دنیا بھر سے عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، اور اب تک 20 ہزار سے زائد عازمین مختلف پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی خدمت اور سہولت کے لیے انتظامات مکمل طور پر فعال ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ منورہ پہنچنے والے ابتدائی قافلے اپنی 8 روزہ قیام مکمل کرنے کے بعد اب مکہ مکرمہ روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں، جہاں وہ عمرہ اور دیگر مناسک ادا کریں گے۔ وقوفِ عرفہ، جو حج کا رکنِ اعظم ہے، منگل 26 مئی 2026 کو متوقع ہے۔
سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، جس میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر طبی ماہرین نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتریوں اور سایہ دار جگہوں کا استعمال کریں، پانی زیادہ پئیں اور اسپرے بوتل ساتھ رکھیں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
مزید برآں احتیاطی تدابیر کے طور پر عازمین کو گردن توڑ بخار، انفلوئنزا اور پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ دورانِ حج صحت کے خطرات سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق مکہ مکرمہ روانگی، زیارات اور دیگر امور کی نگرانی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ عازمینِ حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حج آپریشن کے پہلے 7 روز کے دوران 59 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 26 پاکستانی عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جبکہ مزید پروازوں کے ذریعے آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران بات کرنا چاہے تو سیدھا فون کرے، جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
ترجمان کے مطابق عازمین کی خدمت کے لیے اب تک وزارت مذہبی امور کے 80 افسران، حج میڈیکل مشن کے 50 اہلکار اور 134 دیگر عملہ سعودی عرب پہنچ چکا ہے، جو بطور خدام الحجاج اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
مدینہ منورہ میں مرکزی کنٹرول آفس، ایئرپورٹ استقبالیہ، رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور کال سینٹر سمیت تمام شعبے 24 گھنٹے فعال ہیں تاکہ عازمین کو فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ریاض الجنہ کی زیارت کے حوالے سے بھی پیشرفت جاری ہے، اور اب تک 4 ہزار 611 پاکستانی عازمین کو زیارت کی سعادت حاصل ہو چکی ہے۔
شکایات اور گمشدگی و بازیابی کے شعبے نے بھی مؤثر کارکردگی دکھاتے ہوئے گمشدہ سامان اور افراد کو تلاش کر کے عازمین تک پہنچایا ہے۔
عازمین کی صحت کے لیے پاکستان حج میڈیکل مشن متحرک ہے، جس کے تحت سینکڑوں افراد کو او پی ڈی، ڈینٹل اور ای سی جی سمیت طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔





