اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، پشاور زلمی کی ٹیم پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے پہلے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں پشاور زلمی کی فتح کے ہیرو کپتان بابر اعظم رہے جنہوں نے شاندار سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، جو ان کے لیے مہنگی ثابت ہوئی۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔

بابر اعظم نے 59 گیندوں پر 103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔ یہ بابر اعظم کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 13 ویں اور پی ایس ایل کی چوتھی سنچری تھی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے لیگ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ دیگر بلے بازوں میں کوشال مینڈس 41 اور محمد حارث 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 3 اور رچرڈ گلیسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم وہ زلمی کے بلے بازوں کو بڑا اسکور کرنے سے نہ روک سکے۔

222 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور پوری ٹیم دباؤ کا شکار ہو کر 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پشاور زلمی کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے یونائیٹڈ کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، اور یوں زلمی نے 70 رنز کی بڑی فتح کے ساتھ براہِ راست فائنل میں جگہ بنا لی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ابھی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئی ہے، کوالیفائر ہارنے کے باعث اسے فائنل میں پہنچنے کے لیے ایلیمینیٹر کی فاتح ٹیم کے خلاف ایک اور موقع ملے گا۔

Scroll to Top