رات گئے مہمند چیک پوسٹ پر ناخوشگوار واقعہ، ٹریفک معطل، سرچ آپریشن جاری

شاکر اللہ مہمند

مہمند : ضلع مہمند کی تحصیل یکہ غنڈ میں واقع شرمخانوں چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کے نتیجے میں ایک پولیس افسر زخمی ہوگیا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آیا، جب شرمخان پولیس چوکی پر نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ حملے کے دوران پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر شیر اعظم خان پاؤں پر معمولی زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

حملے کے باعث پشاور–باجوڑ شاہراہ کو عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، تاہم بعد ازاں حالات کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری رہیں اور ٹریفک کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او دل فراز اور ایس ایچ او قاسم جان موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر ریسکیو کے ذریعے رورل ہیلتھ سینٹر یکہ غنڈ منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ہنرمند افراد کے لیے نیوزی لینڈ کا بڑا اعلان

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند نے بھی رورل ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا اور زیر علاج اہلکار کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اہلکار کی خیریت دریافت کی اور اس کے حوصلے کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکار کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

Scroll to Top