ٹانک میں قدرتی آفت، درجنوں بکریاں سیلابی ریلے کی نذر

ٹانک: ٹانک کے سب ڈویژن جنڈولہ اور گردونواح میں شدید ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق اچانک ہونے والی شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلے بہہ نکلے، جنہوں نے راستے میں موجود مال مویشیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں بکریاں بہہ کر ہلاک ہو گئیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں چرواہوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

متاثرہ افراد کے مطابق وہ اپنے جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں ناکام رہے کیونکہ ریلہ انتہائی تیز رفتاری سے آیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلہ اچانک اور شدت کے ساتھ آیا، جس نے ہر چیز کو اپنی زد میں لے لیا۔ مقامی افراد نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد بکریاں پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : بونیر: معمولی زبانی تکرار نے دو زندگیاں چھین لیں

متاثرہ چرواہوں نے حکومت سے فوری امداد اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی روزگار کا بڑا ذریعہ متاثر ہوا ہے اور فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

ادھر علاقے میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے باعث خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

Scroll to Top