نوشہرہ پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، متعدد ایس ایچ اوز سمیت درجنوں افسران تبدیل

فضل نبی

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ احمد شاہ خان نے ضلع بھر کے مختلف تھانوں میں بڑے پیمانے پر انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے درجنوں پولیس افسران کے تبادلے اور تقرریاں کر دی ہیں۔

جاری کردہ احکامات کے مطابق ایس آئی محمد کاشف کو ایس ایچ او کینٹ سے ہٹا کر ایس ایچ او رسالپور جبکہ پی اے ایس آئی محمد طیب کو ان کی جگہ کینٹ تھانے کا قائم مقام ایس ایچ او مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح تھانہ اضاخیل کے ایس ایچ او عادل سید کو مصری بانڈہ منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس لائنز سے کلیم خان کو اضاخیل تھانے کی کمان سونپ دی گئی ہے، جبکہ مصری بانڈہ کے ایس ایچ او ہدایت کو لائن حاضر کر دیا گیا ہے۔

تبادلوں کے اس سلسلے میں پولیس لائنز سے ضیاء اللہ کو ایڈیشنل ایس ایچ او اکوڑہ، ریاض اللہ کو تھانہ جلوزئی اور عنایت علی امجد کو ایڈیشنل ایس ایچ او کینٹ تعینات کیا گیا ہے۔

انتظامی تبدیلیوں کے تحت ایڈیشنل ایس ایچ او بدرشی آصف کو خیشگی، ایڈیشنل ایس ایچ او خیشگی گل اکبر کو اکبر پورہ اور ایڈیشنل ایس ایچ او اکبر پورہ جہانگیر کو تبدیل کر کے بدرشی منتقل کر دیا گیا ہے۔ جونیئر رینک کے افسران میں اے ایس آئی محمد طاہر کو نوشہرہ کلاں اور فضل اکبر کو رسالپور بھیجا گیا ہے، جبکہ لعل حسن کو انچارج پولیس چوکی ملنگی مقرر کیا گیا ہے۔

ڈی پی او نوشہرہ احمد شاہ خان نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نئی تعیناتیوں پر فوری چارج سنبھالیں تاکہ عوامی شکایات کے ازالے اور جرائم کے خلاف جاری مہم میں کوئی تعطل پیدا نہ ہو۔

Scroll to Top