پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے پہلے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف محض 16ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
حیدرآباد کی فتح میں اوپنر معاذ صداقت اور عثمان خان نے کلیدی کردار ادا کیا، دونوں کھلاڑیوں نے 64، 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان مارنس لبوشین 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے تھے۔ اوپنر شان مسعود کی 46 گیندوں پر 69 رنز کی محنت رائیگاں گئی، جبکہ دیگر بلے بازوں میں محمد نواز 18، صاحبزادہ فرحان 15 اور اسٹیو اسمتھ 13 رنز بنا سکے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے محمد علی، عاکف جاوید اور حنین شاہ نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
حیدرآباد کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت ہوا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ اور محمد اسماعیل ہی ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔





