وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے “رحمت کارڈ” کا باقاعدہ اجرا کردیا گیا ہے، جس کے تحت ضرورت مند افراد کو رقوم فراہم کی جائیں گی۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 50 ہزار مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق رحمت کارڈ کے ذریعے بیوہ خواتین کو ایک لاکھ روپے اور یتیم بچوں کو بھی ایک لاکھ روپے کی مالی ادائیگی جاز کیش کے ذریعے کی جائے گی۔
رجسٹریشن کے لیے مستحق افراد کو “سی ایم رحمت کارڈ ایپ” ڈاؤن لوڈ کرنے یا ہیلپ لائن 1077 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شرائط کے مطابق بیوہ کے شناختی کارڈ پر اس کا اسٹیٹس درج ہونا ضروری ہوگا، جبکہ درخواست دہندہ کا تعلق کم آمدنی والے گھرانے سے ہونا چاہیے۔ مزید یہ کہ وہ کسی سرکاری مالی امداد کے پروگرام سے فائدہ نہ لے رہا ہو اور نہ ہی سرکاری ملازم یا پنشنر ہو۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ ختم ہوتے ہی تیل و گیس کی قیمتیں فوراً کم ہوجائیں گی، صدر ٹرمپ
یتیم بچوں کے لیے سرپرست کا اندراج ب فارم کے ساتھ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پی ایس ای آر سروے میں اندراج اور موبائل نمبر کا قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہونا بھی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں بیوہ اور یتیم افراد کے لیے مالی تحفظ کے اس پروگرام کی منظوری دی تھی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ معاشرے کے کمزور طبقے کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کی مکمل سرپرستی کرے گی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اس اقدام کا مقصد مستحق افراد کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔





