پاسپورٹ کا انتظار ختم، اب صرف 14 دن میں اجرا ،نئی سہولت متعارف

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام میں بڑی اصلاحات کرتے ہوئے شہریوں کے لیے اہم سہولتوں کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت نارمل پاسپورٹ کے اجرا کی مدت 21 دن سے کم کرکے 14 دن کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت کی زیر صدارت پاسپورٹ نظام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پہلے نارمل پاسپورٹ 21 دن میں جاری کیا جاتا تھا، تاہم اب اس مدت کو کم کرکے 14 دن کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری انتظار سے بچایا جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ دفاتر میں 15 دن کے اندر مکمل کیش لیس نظام نافذ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے نقد ادائیگی کا خاتمہ ہوگا، شفافیت میں اضافہ ہوگا اور ایجنٹ مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل اور کیش لیس نظام کے نفاذ سے شہریوں کو زیادہ محفوظ، آسان اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ اس کے ساتھ پاسپورٹ کی گھر کی دہلیز تک ترسیل کے نظام کو بھی مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بڑا ریلیف پروگرام: رحمت کارڈ کا اجرا، مستحق خاندانوں کے لیے خوشخبری

مزید برآں بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کاروباری طبقے کو بین الاقوامی سفر میں آسانی حاصل ہو۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ان اصلاحات کا مقصد شہریوں کو زیادہ تیز، شفاف اور مؤثر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

حکومتی اقدامات کو شہریوں کے لیے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top