پی ٹی آئی خیبرپختونخوا تنظیم کے اندر اختلافات شدت اختیار کر گئے

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا تنظیم کے اندر اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، تنظیمی معاملات پر رہنماؤں کے درمیان کھلم کھلا اختلاف سامنے آ گیا۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے صوبائی واٹس ایپ گروپ میں ملاکنڈ ریجن کی تقسیم اور نئے عہدیداروں کی تقرریوں کے معاملے پر گرما گرم بحث ہوئی جو بعد ازاں تلخ جملوں کے تبادلے تک پہنچ گئی۔

اس دوران صوبائی صدر جنید اکبر اور جائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

انجینئر خائستہ محمد نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ملاکنڈ ریجن کو تقسیم کیا گیا اور عہدیداروں کی تقرریاں بھی کر دی گئیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر تمام فیصلے نوٹیفکیشن کے ذریعے ہی کرنے ہیں تو پھر کابینہ کا کردار کیا رہ جاتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کسی ایک فرد کی ملکیت نہیں اور اہم فیصلے کابینہ سے مشاورت کے بعد کیے جانے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن التوا، پی ٹی آئی کا قانونی چارہ جوئی کا اعلان

صوبائی صدر جنید اکبر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں ایسے فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے اور انہیں عمران خان کی جانب سے یہ ہدایت نہیں دی گئی کہ وہ جائنٹ سیکرٹری سے مشاورت کے پابند ہیں۔

پارٹی کے اندر سامنے آنے والا یہ تنازع خیبرپختونخوا تنظیم میں بڑھتی ہوئی اندرونی کشمکش کی نشاندہی کرتا ہے جس پر پارٹی قیادت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Scroll to Top